بھٹکل 12 اکتوبر(ایس او نیوز)بھٹکل کوٹیشور روڈ پر واقع ایک مکان سے 25 سائیکلیں، دو موٹر بائک اور ایک ایکٹیوا برآمد کئے گئے ہیں، البتہ مکان مالک جس پرچوری کا الزام ہے، فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ واردات بدھ رات قریب آٹھ بجے پیش آئی۔
بتایا گیا ہے کہ نیشنل ہائی وے پر واقع مسجد طورمیں عشاء کی نماز سے فارغ ہوکرایک لڑکا جب باہر آیا تو باہر پارک کی ہوئی اس کی سائیکل غائب تھی۔ لڑکا سائیکل کی تلاش کرتا ہوا جب کوٹیشور روڈ پر واقع ایک مکان کے پاس پہنچا تو متعلقہ مکان کے باہرسائیکل نظر آگئی۔ لڑکے نے فوراً پولس تھانہ میں جاکر شکایت کی۔ بھٹکل ٹاون پولس تھانہ جہاں پہلے سے بعض لوگوں کی طرف سے سائیکل چوری ہونے اور بائک چوری ہونے کی شکایتیں درج ہوئی تھیں، اطلاع ملتے ہی سرکل پولس انسپکٹردیواکر کی قیادت میں پی ایس آئی سوما، ہنومنت کڈگنٹی، یلپّا، پروبیشنری پی آیس آئی جگدیش اورپولس کا دیگر عملہ متعلقہ مکان پہنچ گیا۔ جہاں لڑکے کی سائیکل سمیت چوری کی ہوئی 25 سائکلیں، دو موٹر بائک اورایک ایکٹیوا اسکوٹر برآمد کرلی گئیں۔
پتہ چلا ہے کہ منجوکورارجس پر چوری کا الزام ہے، پولس کو دیکھتے ہی پچھلے دروازے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
متعلقہ مکان میں چوری کی ہوئی سائیکلیں برآمد ہونے کی اطلاع جیسے ہی سوشیل میڈیا پروائرل ہوئی، کافی لوگ متعلقہ مکان پر پہنچ گئے اور اپنے اپنے سائیکلوں کی تلاش شروع کردی۔ بعد میں تمام گاڑیاں بھٹکل ٹاون پولس تھانہ لے جائی گئی، وہاں بھی کافی لوگ اپنی گاڑیوں کو تلاش کرتے نظر آئے۔
چھوٹے بچوں کی سائیکلوں سمیت بڑوں کی بھی سائیکلس پائی گئی ہیں، زیادہ تر سائیکلیں بھاری قیمت کی ہیں۔ پولس کو شک ہے کہ منجوکورار سائیکلوں کی چوری کرنے کے بعد اُس کے پارٹس الگ کرکے بیچا کرتا ہوگا۔ پولس کو اس بات کا بھی شک ہے کہ چوری کی ہوئی کافی سائیکلوں کو وہ بیچ چکا ہے، اب یہی سائیکلیں باقی بچی تھیں۔ پتہ چلا ہے کہ موٹر بائکس اور ایکٹیوا اسکوٹر چوری ہونے کی پہلے ہی پولس تھانہ میں شکایت درج تھیں۔
بھٹکل ٹاون پولس پورے معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔ اگر کسی کی سائیکل چوری ہوئی ہے تو وہ ٹاون پولس تھانہ جاکر شکایت درج کرسکتے ہیں تھانہ لے جائی گئی سائیکلوں میں اپنے سائیکل کی شناخت بھی کرسکتے ہیں۔